جئے پور15نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان میں کانگریس کے دو اہم لیڈروں سابق وزیراعلی اشوک گہلوت اور ریاستی صدر سچن پائلٹ نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اسمبلی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ نے بدھ کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ دونوں راجستھان اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ گہلوت نے کہا کہ میں اور سچن پا ئلٹ دونوں الیکشن لڑیں گے۔
سچن پا ئلٹ نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی ہدایت اور اشوک گہلوت کی درخواست پر انہوں نے اسمبلی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی یونٹ میں لیڈروں کے درمیان اتحاد نہ ہونے کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے کانگریس میں پھوٹ والی باتیں ختم ہوجائیں گی۔ ہم سب متحد ہوکر آئندہ الیکشن میں کانگریس کو زبردست کامیابی دلائیں گے۔